لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں لڑکی کو چھیڑنے سے روکنے پر ملزم نے کلرک پر فائرنگ کردی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں اوباش نوجوان نے لڑکی کو چھیڑا جس پر کلرک انس نے اُسے روکنے کی کوشش کی۔
ملزم نے مشتعل ہوکر یونیورسٹی ملازم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا اور پھر ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملازم کی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایا کہ زخمی کلرک سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔
اُدھر ایس پی اقبال ٹاؤن اخلاق الله تارڑ کی ایس ایچ او مسلم ٹاون کو فوری ملزم کی گرفتاری کی ہدایت کردی جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر مسلم ٹاؤن پولیس فوری موقعہ پر پہنچی۔
پولیس کے مطابق ملازم نے جب ملزم کو روکا تو اُس نے فائر کردیا اور گولی انس کے بازو میں لگی۔
ایس پی اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں، سی سی ٹی وی کیمروں سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے گا۔