کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے اداکار آغا علی نے اپنے پہلے ہوائی جہاز کے سفر کا دلچسپ قصہ سُنا دیا۔
حال ہی میں آغا علی ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے ایک یادگار سفر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دلچسپ واقعہ سُنایا۔انہوں نے بتایا کہ جب وہ پہلی مرتبہ ہوئی جہاز میں سوار ہوئے تو بےحد خوش اور پُرجوش تھے جبکہ ان کا سفر صرف 15 منٹ لاہور سے فیصل آباد تک کا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ انہیں ایک ہی دن جاکر واپس بھی لوٹنا تھا تاہم واپسی کے سفر میں انہیں تجسس ہوا کہ جہاز کا باتھ روم کیسا ہوتا ہے کیوں نہ اسے دیکھا جائے۔
آغا علی ٹیک آف کے بعد باتھ روم چلے گئے اور وہاں لاک ہوگئے۔ اداکار نے بتایا کہ انہوں نے مدد کے لئے کئی بار ایئر ہوسٹس کو آوازیں دیں مگر کسی نے نہیں سنا لیکن جب لینڈنگ کا وقت آیا تو ایئر ہوسٹس مدد کو پہنچی اور اس نے دروازہ کھول کر آغا کو باہر نکالا۔
اداکار نے بتایا کہ ایئر ہوسٹس ان پر برہم ہوگئی انہیں بہت ڈانٹا اور اپنی سیٹ پر جا کر بیٹھنے کو کہا تاہم یہ سفر آغا علی کیلئے یادگار بن گیا جس کو وہ کبھی نہیں بھول سکتے اور جب یاد کرتے ہیں تو بے ساختہ ہنس پڑتے ہیں۔