پشاور: بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور مانسہرہ میں طوفانی بارش کے دوران دیواریں اور چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 71 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبر پختون کے مختلف علاقوں میں طوفان آیا، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور مانسہرہ میں طوفانی ہواؤں اور تیز بارش سے مختلف علاقوں میں مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے کے نتیجے میں 6افراد ہلاک اور 71 زخمی ہوگئے۔ریسیکیو 1122 نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جبکہ سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے مطابق علاقہ سورانی میں بارش سے دیوار گرنے سے 3 بچے اور خوجڑی میں دیوار گرنے سے ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ اسی طرح چار مری میں بھی دیوار گرنے سے 5 افراد زخمی ہوئے۔
دیگر علاقوں سے بھی زخیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے کے تمام واقعات مضافاتی علاقوں میں پیش آئے ہیں۔
دریں اثنا ریسکیو1122 حکام کے مطابق لکی مروت کی تحصیل نورنگ میں طوفانی بارش کی وجہ سے پولیس اسٹیشن کے سامنے برآمدے کی چھت گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
منجی والا کے قریب تیز آندھی کی وجہ سے پشاور سے کراچی جانے والا ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہاپتال سرائے نورنگ منتقل کر دیا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ
دریں اثنا پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تیز اندھی اور طوفانی بارشوں سے بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور مانسہرہ میں 5 افراد جاں بحق اور 71 زخمی ہوئے، 17 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
سیکریٹری محکمہ ریلیف نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔