کرک (دستک نیوز) خفیہ اطلاعات پر چھاپے کے دوران اسلحہ اور منشیات سمگلر گرفتار خود کار ہتھیاروں سمیت سینکڑوں کارتوس کی کھیپ برآمد۔ تفصیلات کیمطابق تھانہ یعقوب خان شہید کے ایس ایچ او ریحان خٹک کو ایک باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی کہ منشیات اور اسلحے کے مشہور سمگلر کیساتھ کافی مقدار میں اسلحہ گولیاں موجود ہیں جو کسی بھی وقت سمگل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اطلاع کے پیش نظر ڈی پی او وقاص خان کی جانب سے وضع کردہ حکمت عملی پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈی ایس پی تحت نصرتی امجد حسین کے زیر نگرانی ایس ایچ او ریحان خان نے پولیس پارٹی کے ہمراہ سمگلر کے مخصوص ٹھکانے پر چھاپہ لگا کر منشیات اور اسلحے کے سمگلر جان عالم خان ولد ربنواز خان سکنہ بوگارہ کو گرفتار کرتے ہوئے خود کار ہتھیاروں اور گولیوں کی سینکڑوں تعداد پر مشتمل کھیپ برآمد کر لی جس میں 1 کلاشنکوف، 1 رپیٹر 12 بور، 1 رائفل 303 بور، 1 پستول، 1 پن پسٹل اور 600 عدد مختلف بور کے کارتوس شامل ہیں۔ پولیس نے زیر حراست سمگلر کو مقامی تھانہ منتقل کرکے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا اور تفتیشی ٹیم نے ملزم سے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اسلحہ کی سمگلنگ ناکام بنانے اور بر وقت کاروائی پر ڈی پی او وقاص خان نے ڈی ایس پی تحت نصرتی ایس ایچ او تھانہ یعقوب خان شہید کو سراہ کر مستقبل میں بھی جرائم پیشہ عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی تاکید کی۔