کرک (دستک نیوز) صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کرک مجیب الرحمن کے خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر کرک سکواڈرن لیڈر ر امان اللہ نے عیدالفطر کے دنوں میں رات کے ٹائم سرکاری کرایہ لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف عملی کاروائیوں کا آغاز کردیا۔ اِس سلسلے میں اے سی کرک امان اللہ نے مفادِ عامہ کے پیش نظر مین انڈس ہائی وے پر ٹریفک پولیس کے ہمراہ جائنٹ چیک پوسٹ قائم کرکے سواریوں سے کرایوں کے بارے میں دریافت کیا۔ مقررہ تعداد سے زیادہ لوگوں کو بیٹھانے اور سرکاری ریٹ لسٹ سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کو نہ صرف موقع پر جرمانہ کیاگیا بلکہ ساتھ ہی ساتھ ڈرائیوروں سے زیادہ کرایہ واپس لے کر سواریوں کو بھی حوالے کیا گیا۔ اے سی امان اللہ کی جانب سے فوری ایکشن لینے پر مسافروں نے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ کرک کے اِس اِحسن اقدام کو ضلع بھر میں سراہا جا رہا ہے اور سرکاری کرایہ لسٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔