اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک شخص نے مجھے توڑنے کیلئے توشہ خانہ ریفرنس میں میری اہلیہ بشری ٰبی بی کو سزا دلوائی،لندن پلان ایک شخص اور نواز شریف کے درمیان تشکیل پایا تھا جس کیلئے ججوں کو بھی ساتھ ملایا گیا تھا، اسی لئے خفیہ ادارے نے ججوں کی تقرریاں بھی کروائی تھیں، انصاف دینے والوں کو فیض آباد دھرنا کیس اور بھٹو کیس تو یاد ہیں؟ تو کیا انہیں نظر نہیں آرہا ہے کہ بے گناہ لوگ فوجی جیلوں میں پڑے ہوئے ہیں؟ میں جھوٹا توشہ خانہ ریفرنس قائم کرنے پر مقدمہ دائر کروں گا، اس وقت بادشاہ پیچھے بیٹھا ہوا ہے اور محسن نقوی وائسرائے بنا ہوا جبکہ شہباز شریف فیتے کاٹتا پھر رہا ہے اسکے پاس کوئی طاقت نہیں، اس وقت ساری قوم ججوں کی جانب دیکھ رہی ہے، ججوں نے ہی ملک میں قانون کی بالادستی کو قائم کرنا ہے، مجھے بھی صرف ان6 ججوں سے ہی امیدہےجو آج میدان میں کھڑے ہوئے ہیں، میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں،تمام ججوں کو معلوم ہے کہ یہاں پر کیا ہو رہا ہے؟جج ہی ملک کے مستقبل کو بچائیں گے ،پرویز الٰہی اور شاہ محمود قریشی آج پریس کانفرنس کر دیں تو ان کے خلاف قائم مقدمات بھی ختم ہو جائیں؟
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز اڈیالہ جیل میں قائم کی گئی عدالت کے اندر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ 18 مارچ کو مجھے جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کا منصوبہ بنایاگیاتھا،اسی لئے24 گھنٹے پہلے ہی جوڈیشل کمپلیکس کو ’’ٹیک اوور‘‘(قبضہ ) کر لیا گیا تھا،سادہ کپڑوں میں ملبوس بہت سے لوگ جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھے ،اسی بناء پر جوڈیشل کمپلیکس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے نہیں لائی جا رہی، جو کچھ ایسٹ پاکستان میں ہوا تھا ؟وہی کچھ آج یہاں پر ہو رہا ہے؟مشرقی پاکستان میں مجیب الرحمن کا مینڈیٹ چوری کر کے ملک توڑا گیا تھا، حمود الرحمن کمیشن رپورٹ میں صاف طور پر لکھاہوا ہے کہ مجیب الرحمٰن الیکشن جیت گیا تھا،مشرقی پاکستان کی طرح یہاں پر پی ٹی آئی کا مینڈیٹ کم کر کے ہمیں کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آصف زرداری نے بیان دیاہے کہ ایک سیاسی جماعت (پی ٹی آئی)فوج کا امیج خراب کر رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہم اقتدار میں تھے تو فوج کا امیج آسمانوں پر تھا، فوج کا امیج اس دن خراب ہواتھا جب یہ چوروں کے ساتھ بیٹھی تھی۔
انہوں نے کہاکہ آصف علی زرداری اور شریف خاندان کی بدعنوانی سے متعلق ہمیں خفیہ ادارے (فیض حمید) اور جنرل باجوہ نے بتایا تھا۔
انہوں نے کہاکہ آصف زرداری اور نواز شریف نے توشہ خانہ سے گاڑیاں لی تھیں، ان کیخلاف مقدمات کے فیصلے کیوں نہیں آرہے ، ساری قوم کو پتہ ہے کہ ایک شخص ہی ملک چلا رہے ہیں،میں نے عارف علوی کے ذریعے پیغام بھیجا تھا کہ ہم تمہارے مخالف نہیں ہیں، میں نے عارف علوی کے ذریعے ٹیلی فون کروایا تھا کہ مجھے انکے ’’لندن پلان‘‘ کے بارے میں معلوم ہے، علی زیدی بھی رابطے میں تھا، اسکے ذریعے بھی پیغام دیا تھا کہ نیوٹرل رہیں اور ملک کو چلنے دیں، جس پر ہمیں کہا گیا کہ فکر نہ کریں ہم نیوٹرل ہی رہیں گے۔
عمران خان نے ایک بار پھر اس بات کا عادہ کیا کہ میں کسی کی غلامی قبول نہیں کروں گا، غلامی سے بہتر موت ہے۔
انہوں نے انصاف کی امید سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قوم سب کچھ دیکھ رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ کئی جج، محسن نقوی ،چیف الیکشن کمشنر اور نگران حکومت لندن پلان کا حصہ تھے، میں نے کبھی فوج سے لڑائی نہیں کی، اگر میں حکومت گرانے کے باوجود دو مرتبہ جنرل باجوہ سے مل سکتا ہوں؟ تو کسی سے بھی مل سکتا ہوں؟ اس وقت میری ذات کا معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کا معاملہ ہے۔