کوہاٹ
رمضان ڈسٹرکٹ نائٹ فٹبال چیلنج کپ ٹورنامنٹ 2024 کوہاٹ خٹک جونیئر گمبٹ نے جیت لیا
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان فخر جہاں اور ڈائریکٹر جنرل کھیل کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کے تعاون سے شروع کردہ رمضان المبارک ڈسٹرکٹ نائٹ فٹبال چیلنج کپ ٹورنامنٹ 2024 کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوگیا۔ٹورنامنٹ جو پورا مہینہ جاری رہا میں ضلع کے 32 بہترین ٹیموں نے حصہ لیا۔ٹورنامنٹ کا فائنل رائزنگ سٹار فٹبال اکیڈمی کوہاٹ اور خٹک جونیئر گمبٹ کے مابین کھیلا گیا جسے آخرالذکر نے پینلٹی شوٹ کے ذریعے 4 کے مقابلے میں 5 گول سے جیت لیا۔ٹورنامنٹ میں کوہاٹ کے فٹبال کے کھلاڑیوں اور شائقین نے بھر پور حصہ لیا اور بہترین ٹیموں اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔مذکورہ ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی ریجنل سپورٹس آفیسر کوہاٹ ساجد آفریدی تھے جنہوں نے ایک رنگارنگ اور پروقار تقریب میں ٹیموں کو ونر اور رنراپ ٹرافیاں دینے کے علاوہ انفرادی انعامات اور شیلڈز بھی دئیے۔ونراپ ٹیم کو ٹرافی اور 15 ہزار روپے کیش انعام جبکہ رنراپ ٹیم کو ٹرافی اور 10 ہزار روپے کیش انعام دیا گیا۔اسی طرح ریفری پینل کو بھی 10 ہزار روپے کیش دئیے گئے۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ریجنل سپورٹس آفیسر نے کہا کہ صوبائی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کرے کیونکہ جب تک کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے وہاں صحتمند اور پرامن معاشرہ پروان چڑھے گا اور نوجوان نسل میں مثبت رجحان بڑھے گا جبکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کا ناسور ختم ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کود نوجوانوں کے ذہنی و جسمانی نشوونما کا بھی ذریعہ ہیں لہٰذا زیادہ سے زیادہ مثبت سرگرمیوں کا انعقاد وقت کا تقاضا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔