اسلام آباد: اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے سیاسی رہنما اعظم سواتی کو متنازع ٹویٹ کیس میں اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کردیا، عدالت نے اعظم سواتی کو 24 جولائی کو بذریعہ اشتہار عدالت میں طلب کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے اعظم سواتی کی مسلسل عدم پیشی کے باعث اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کا آغاز کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
ایف آئی اے نے اعظم سواتی کی دونوں رہائش گاہوں پر وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی۔ عدالت نے اعظم سواتی کی رہائش گاہ، محلے اور عدالت کے باہر عدالتی کارروائی سے متعلق اشتہار چسپاں کرنے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ اعظم سواتی کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے آج اسپیشل جج سینٹرل اعظم خان نے طلب کر رکھا تھا۔ اعظم سواتی کی مسلسل عدم حاضری پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔