گرگری( نمائندہ دستک ) اسسٹنٹ کمشنر بانڈہ داودشاہ جان بخت زیب نے آج ڈپٹی کمشنر کرک کی ہدایت پرا اوربشی میں متاثرہ گھر کا دورہ کیا۔ مالک مکان کو ایک عدد ٹینٹ اور روزمرہ اشیائے خوردنی فراہم کی ۔ اس موقع پر غمزدہ خاندان سے بچی کی وفات پر تعزیت کی اور زخمی خاتون کی صحت یابی کے لئے دعا کی ۔ جان بخت زیب نے کہا کہ واقعہ کی رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو بھیجی گئی اور کارروائی مکمل ہونے کے بعد متاثرہ خاندان کی مالی معاونت کی جائیگی انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور ڈی سی کرک کے ہدایت پر وہ متاثرہ خاندان کے لئے جلدازجلد پیکیج منظور کروائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی بارش کے دوران خستہ حال کمروں میں رہائش اختیار نہ کریں اور نہ ندی نالوں سے گزرنے کی کوشش کریں تاکہ مزید جانی اور مالی نقصان سے بچا جاسکے ۔ موقع پر موجود عوام نے اے سی بانڈہ داودشاہ کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ غمزدہ خاندان کے ساتھ جلد از جلد مالی معاونت کی جائے تاکہ وہ منہدم شدہ کمرہ دوبارہ تعمیر کرسکے ۔ اور زخمی خاتون کے علاج معالجے کا بھی بندوبست ہوسکے