ریجنل آفیسرانفارمیشن اینڈ پبلک ریلشنز کوہاٹ
خالد خٹک تیسری مرتبہ کرک پریس کلب کے صدر منتخب ہو گئے۔انہوں نے پول شدہ 48 میں سے 26 ووٹ لیکر کامیابی سمیٹ لی جبکہ اس کے مد مقابل عبد اللہ گل نے 22 ووٹ حاصل کئے۔واضح رہے کہ کرک پریس کلب کے انتخابات نامعلوم وجوہات کی بنا پر 2020 سے زیر التواء تھے جو اب 4 سال بعد اتفاق و اتحاد اور دوستانہ ماحول میں منعقد ہوئے۔پریس کلب کے انتخابات میں ارکان نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔الیکشن میں خالق جان خٹک، حفظ الرحمن اور شاد نواز خان نے صدارتی امیدواروں کیلئے پولنگ ایجنٹوں کے فراٰض سرانجام دئیے۔ الیکشن چیئرمین رؤف خٹک، کریم خٹک اور سرفراز خٹک پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی کے زیرنگرانی پریس کلب کرک کے آئین کے تحت ہوا۔ریجنل انفارمیشن آفس کوہاٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ارشاد خان آفریدی، اسسٹنٹ کمشنر کرک امان اللہ عباسی، سابق ایم پی اے گل صاحب حان خٹک، خٹک اتحاد کے صدر حاجی مدثر ایوب، چیئرمین احسان الحق، سماجی شخصیت ملک نور رحمان، حاجی مسلم خان سمیت کئی دیگر مشران علاقہ نے الیکشن پراسیس کا جائزہ لیا اور صحافیوں کی حوصلہ افزائی کی۔اب نومنتخب صدر خالد خٹک 10 رکنی کابینہ کا تقرر کر کے کرک پریس کلب کے فلاح وبہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ارشاد آفریدی نے نومنتخب صدر خالد خان خٹک کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں محکمے کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے 4 سال کے طویل عرصے کے بعد پرامن اور دوستانہ ماحول میں باہمی اتفاق و اتحاد سے انتخابات کے انعقاد پر جملہ صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی یہ سلسلہ اسی طرح جاری رکھیں گے اور مثبت صحافتی اقدار کو فروغ دیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔