اسلام آباد: توہین الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات پر محفوظ فیصلہ سنایا، فریقین کی جانب سے وکیل فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت پر چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا ہے۔
فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کی کارروائی استعمال کرنے کا اختیار ہے۔
دوران سماعت، وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا گزشتہ سماعت کا کوئی آرڈر موصول نہیں ہوا۔ ممبر نثار درانی نے کہا کہ فریقین آج بھی الیکشن کمیشن پیش نہیں ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔