وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 13 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں، پولیس کرائم کنٹرول کرے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، آئی جی پنجاب نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ 13 کروڑ عوام کو جوابدہ ہوں، پولیس کرائم کنٹرول کرے، حقائق سے آنکھیں بند نہیں کی جا سکتی، پنجاب میں کسی جگہ پر بھی نو گو ایریا برداشت نہیں، صوبے بھر میں کرائم ریٹ کو ہر صورت نیچے لانا ہوگا، جرائم زیادہ ہو تو عوام حکومت کی ریفارمز اور ڈویلپمنٹ بھول جاتی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے پولیس میں کارکردگی کے تجزیے اور جانچ کا نظام لا رہے ہیں، بین الصوبائی سمگلنگ روکنے کیلئے 14 خصوصی چیک پوسٹ بنائی جا رہی ہیں، گاڑیاں، آلات، اسلحہ، ٹریننگ اور پولیس کی ہر ڈیمانڈ پوری کر رہے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ 10 افراد کو ہجوم سے بچانے اور بحفاظت نکالنے پر آئی جی، آر پی اوسرگودھا اور ڈی پی او کو سراہتی ہوں، لاہور میں ڈکیتی کے واقعات میں 50 فیصد سے زائد کمی خوش آئند ہے، تنخواہ لیکر جانے والے مزدوروں کا لٹ جانا افسوسناک ہی نہیں، شرمناک بھی ہے۔اجلاس کے دوران پنجاب کی جیلوں میں ”بیگر بیرک“ کے قیام کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔