ملک بھر میں آج پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال ہے جب کہ پنجاب کے دارالحکومت میں اکثر پمپس پر کاروبار جاری ہے۔وفاقی بجٹ میں ٹیکسز کے خلاف پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی کال پر آج ملک گیر ہڑتال ہے، اس دوران چھوٹے بڑے شہروں سمیت اہم شاہراہوں پر کئی پیٹرول پمپ بند ہیں تاہم لاہور میں اکثر پیٹرول پمپس پر کاروبار کا سلسلہ جاری ہے۔واضح رہے کہ آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان ٹیکسز کے معاملے پر مذاکرات ایک بار پھر ناکام ہوگئے اور ڈیڈ لاک برقرار ہے، جس پر ایسوسی ایشن نے اسلام آباد کے سوا ملک بھر میں پمپ بند رکھنے کا اعلان کیا تھا اور رات بارہ بجتے ہی ایسوسی ایشن کی کال پر کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں مالکان نے پمپ بند کر کے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی روک دی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا نے مالکان کو پیٹرول پمپ کھلے رکھنے کی ہدایت جاری کردی۔ ترجمان اوگرا عمران غزنوی کے مطابق اوگرا اور پٹرولیم ڈویژن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات ملک بھر میں دستیاب رہیں گی۔ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار موجود ہے۔