لاہور: والد اور سوتیلی ماں کے بدترین تشدد سے 8 سالہ بچی مسکان جاں بحق ہو گئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچی مسکان کے والد سفیر احمد اور سوتیلی ماں آمنہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس کو مسکان کے چچا کی جانب سے کال موصول ہوئی تھی، جس میں بتایا گیا کہ مسکان کو والد اور سوتیلی ماں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
تشدد کے باعث 8 سالہ بچی مسکان جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے جاں بحق بچی کے والد اور سوتیلی ماں کو گرفتار کرلیا اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ 8 سالہ مسکان کے جسم پر تشدد کے واضح نشان موجود تھے ۔
صوبائی دارالحکومت کے علاقے باغبانپورہ کی شالیمار ہاؤسنگ اسکیم میں پیش آنے والے واقعے میں جاں بحق بچی کے والد سفیر احمد نے آمنہ نامی خاتون سے دوسری شادی کی تھی۔