ہنگو (دستک نیوز) ڈپٹی کمشنر ہنگو کا حکومت خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ کے تحت خصوصی افراد کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد
ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے پروگرام”عوامی ایجنڈا“کے تحت سو ویلفیئر ہنگو کے دفتر میں خصوصی افراد کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور قومی تعمیر نو محکموں اور اداروں کے افسران، خصوصی افراد اور عام لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔خصوصی افراد نے اس موقع پر کھل کر اپنے مسا ئل پیش کئے جن میں زیادہ تر مسائل معذوری سرٹیفیکیٹ کے حصول، نادرا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، نوکریوں کے حصول، ٹیکنیکل ووکیشینل سنٹرز میں رجسٹریشن سے متعلق تھے۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو نے پیش کئے گئے مسائل کے فوری حل اور تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ محکموں اور اداروں میں خصوصی افراد کے مسائل کے حل کو ترجیح دیں اور انہیں بلاتاخیر حل کئے جائیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف & ایچ آر) نے خصوصی افراد میں چلنے میں مدد گار آلات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء تقسیم کیں۔ خصوصی افراد نے ان کے مسائل کے حل میں خصوصی دلچسپی لینے پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر ہنگو کا شکریہ ادا کیا۔