کرم (دستک نیوز) ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود نے تمام سرکاری محکموں اور اداروں کے حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا/قبائلی جرگہ“پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں اور ہر محکمہ/ادارہ مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر اپنی تفویض شدہ ذمہ داریوں کی انجام دہی یقینی بنائے۔ یہ ہدایات انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام”عوامی ایجنڈا/قبائلی جرگہ“پر عملدرآمد سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور جملہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے حکام نے شرکت کی۔ "عوامی ایجنڈا/قبائلی جرگہ” پروگرام کے اہم نکات میں سرکاری دفاتر کے اوقات کار کی پابندی اور سربراہان سمیت عملے کی دفاتر میں موجودگی، گھوسٹ سکولوں اور ہسپتالوں کی نشاندہی، اکنامک ریولائزیشن پروگرام، زمینی مسائل، سیاحت کا فروغ، نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے مقابلے، CLCP سروے، قبائلی جرگوں کا انعقاد، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنا، عام لوگوں کیلئے دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی، کھلی کچہریوں کا انعقاد، خالی آسامیوں پر فوری تعیناتی اور ترقی، شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال کی بہتری، تفویض شدہ کام کی بروقت تکمیل، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز، عطائی ڈاکٹروں اور جعلی ادویات کے خلاف کارروائی شامل ہیں۔ اجلاس میں ہر محکمہ کو ڈیڈ لائن کے ساتھ ٹاسک حوالہ کر کے عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مذکورہ پروگرام کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انتظامی سیکرٹریز کو بھی اپنے متعلقہ محکموں کی مانیٹرنگ کا ٹاسک دیا گیا ہے جبکہ ضلعی سطح پر وزیر اعلیٰ کے اس پروگرام کی مانیٹرنگ اور عملدرآمد کا کام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے حوالے ہے لہٰذا عوامی ایجنڈا اور قبائلی جرگہ پروگرام پر کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اپنا ٹاسک پورا نہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔