کرک (دستک نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال کی ہدایت اور ان کی وژن کے مطابق محکمہ زراعت شعبہ توسیع کرک نے تحصیل کرک کے دور آفتادہ گاؤں شگی لواغر میں ”میگا فارمر گیدرنگ“ یعنی کسانوں کا بڑا اجتماع منعقد کیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس کرک شاہد رفیق تھے۔ پروگرام میں ضلع کے دیگر لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، زرعی ماہرین، عمائدین علاقہ اور قرب وجوار سے آئے زمینداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت کرک عبداللہ شاہ قریشی نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد اور اس کے فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے محکمہ کی جانب سے کسانوں کی بہتری اور زراعت کی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات اور پروگرامز کے بارے میں بتایا۔تقریب میں زرعی ماہرین نے بھی اظہارِ خیال کیا اور کسانوں کو مفید مشورے دیئے۔کسانوں نے وزیر زراعت محمد سجاد بارکوال کی ہدایت پر محکمہ زراعت کی جانب سے اس مفید پروگرام کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے محکمہ زراعت کے تمام پروگرامز سے مستفید ہونے کے عزم کا اعادہ کیا۔