کوہاٹ (دستک نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریلیف محمد وقاص کے ہمراہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن کوہاٹ کی خصوصی دعوت پر آغوش الخدمت کوہاٹ کا دورہ کیا۔ آغوش الخدمت کے جملہ سٹاف نے معزز مہمانان کو خوش آمدید کہا اور انہیں آغوش الخدمت اور نسیم میموریل الخدمت ہسپتال کوہاٹ کے بارے میں تفصیلی بریفینگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے آغوش الخدمت کوہاٹ کے مختلف یونٹس، آفس، ہاسٹل، کچن کا دورہ کیا اور انہوں نے آغوش کے بچوں کو فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے آغوش کے بچوں کے ساتھ کھانا کھایا اور بچوں کیلئے تفریحی دورہ کرانے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے بچوں کیلئے کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس میں 3 روزہ ایونٹ کی منظوری بھی دی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالاکرم نے یتیم بچوں کی بہترین کفالت اور تربیت کرنے پر آغوش الخدمت کوہاٹ کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔