پشاور(پریس ریلیز ) پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کی وفد کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چئیرمین محمود خان سے ملاقات۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سیکرٹری جنرل حبیب نور اورکزئی، سیکرٹری اطلاعات ضیاء اللہ خان بنگش، سابق ایم پی اے ملک واجد خان، سابق ایم پی اے ملک نصیر وزیر و دیگر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں منظور پشتین نے 11 اکتوبر پشتون امن جرگہ کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے چئیرمین محمود خان کو شرکت کی دعوت دی۔
منظور پشتین نے محمود خان کی صوبہ میں امن و امان کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر محمود خان نے منظور پشتین اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کو خوش آمدید کہا۔
انہوں نے منظور پشتین اور ان کی ساتھیوں کی پختونوں کے لئے جاری جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ 11 اکتوبر کو ہونے والا پختون امن جرگہ ایک بہترین کاوش ہے۔ اگر یہ جرگہ کامیاب ہوا تو تاریخ میں آپ اور آپ کے ساتھیوں کی اس جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر منظور پشتین اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کی دعوت کو قبول کیا اور 11 اکتوبر کو شرکت کا عندیہ بھی دیا۔
تقریب سے سیکرٹری جنرل حبیب نور اورکزئی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبائلی روایات کے مطابق گھر آئے ہوئے مہمانوں کو خالی ہاتھ نہیں جانے دیتے انشاءاللہ 11 اکتوبر کو پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین بھرپور طریقہ سے شرکت کرے گی۔
ملک واجد سابق ایم پی اے پشاور نے بھی صوبہ میں بگڑتی امن و امان کی صورتحال پر اپنا موقف بیان کیا اور کہا کہ پختونوں کے لئے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا وقت کی ضرورت ہے۔
آخر میں سابق ایم پی اے ملک نصیر خان وزیر نے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سب نے مل کر اپنے صوبہ اور تمام پختونوں کی حقوق کی جنگ مل کر لڑنی ہوگی۔