پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کل ہونے والے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کا کل کے احتجاج میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم وہ وزیراعلیٰ ہاؤس سے احتجاج کی نگرانی کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہر حلقے سے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز قافلے کی نگرانی کریں گے۔
ذرائع پی ٹی آئی نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور صوابی سے قافلے کی قیادت سنبھالیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صبح 11 بجے پشاور سے روانہ ہوں گے اور صوابی پہنچیں گے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، اس لیے احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی اور بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رہنے کا پیغام بھجوایا تھا۔
بشریٰ بی بی نے اس سے قبل اپنے پیغام میں پی ٹی آئی کارکنان کو باہر نکلنے اور احتجاج میں شرکت کا کہا تاہم ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے بشریٰ بی بی کی احتجاج میں شرکت نہ کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بشریٰ بی بی احتجاج میں شامل نہیں ہوں گی، وہ گھریلو خاتون ہیں اور یہ ہم گزشتہ پانچ روز سے بار بار واضح کرچکے ہیں، احتجاج میں جانے کا نہ بشریٰ بی بی کا پلان تھا نہ ہے اور نہ ہی ہوگا۔