نئی دہلی: بھارت میں اسکول ٹیچر نے نو عمر مسلمان طالب علم کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 11 سالہ طالب علم ارباز بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ایک اسکول میں چھٹی جماعت کا طالب علم ہے۔ ارباز پر استاد نے ہندی کی کتاب گھر بھول کر آنے پر بہیمانہ تشدد کیا۔
رپورٹ میں واقعہ کی مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ استاد نے ارباز کو کلاس سے باہر جانے کے لیے کہا۔ ارباز جیسے ہی باہرجانے کے لیے اٹھا استاد نے اس کا راستہ روک لیا اور ارباز پرتھپڑ، گھونسوں اور لاتوں کی بارش کردی۔ بدترین تشدد کے بعد ارباز کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ارباز کے والد محمد رمضانی کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے کا گلا گھونٹنے کی کوشش بھی کی گئی جس کے واضح نشانات موجود ہیں۔ گواہوں اور ثبوتوں کے باوجود پولیس مقدمہ درج کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے جبکہ اسکول انتظامیہ نے بھی استاد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔