اسلام آباد: نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کردی۔
سرفراز بگٹی نے قلمدان سنبھالنے کے بعد وزارت داخلہ کا چارج سنبھال لیا اور دفتر کا دورہ کیا جہاں اُن کا استقبال وفاقی سیکریٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ اور دیگر حکام نے کیا۔
وزارت داخلہ آمد پر نگران وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی گئی جبکہ وزارت کے سینئر افسران سے تعارفی ملاقات بھی ہوئی اور نگراں وزیر کو داخلہ، ذیلی اداروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جڑانوالہ کا سانحہ انتہائی شرمناک اور رسول پاک کی تعلیمات کے منافی ہے، ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ پورے ملک میں بلا خوف و خطر نقل و حمل کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہ دی جائے گی، ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہو گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق نگران وزیر داخلہ کے حکم پر نئے اسلحہ لائسنسز کے اجرا پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔